{"product_id":"pre-kg-kg","title":"Pre-KG\/KG - پری کے جی\/کے جی","description":"\u003cdiv lang=\"ur\" dir=\"rtl\"\u003e\"پری کے جی\/کے جی\n\nایک کتاب، مکمل نصاب\n\nسلسلے کی پہلی کاوش پیشِ خدمت ہے جس میں پری کے جی\/ کے جی کی تمام نصابی ضروریات کا احاطہ کیا گیا ہے۔ تدریسی نظام سے قطع نظر، یہ ایک کتاب پڑھنے کے بعد بچوں کو اس قابل ہوجانا چاہئے کہ وہ کنڈرگارٹن کے نصاب میں شامل تمام بنیادی نکات\/ موضوعات کو سمجھ سکیں؛ اور اگر ضرورت ہو تو عملی طور پر انجام بھی دے سکیں۔\n\nیہاں یہ بتانا ہم ضروری سمجھتے ہیں کہ اس مرحلے (پری کے جی\/ کے جی) کی تعلیم کیلئے کوئی متفقہ عالمی معیار موجود نہیں۔ ایک ملک میں کچھ اور تو دوسرے ملک میں کچھ اور۔ حتیٰ کہ امریکہ کی مختلف ریاستوں میں بھی کنڈرگارٹن کے معیارات ایک دوسرے سے بہت مختلف ہیں۔ البتہ، جہاں تک بنیادی تعلیمی تقاضوں کا تعلق ہے تو وہ تمام جگہوں پر لگ بھگ ایک ہی جیسے ہیں۔ اس کتاب کی تصنیف میں انہی بنیادی تعلیمی و تدریسی تقاضوں کو مدنظر رکھا گیا ہے۔ اس ضمن میں ہم نے ،\n\nامریکہ کی کور نالج فاؤنڈیشن،ٹیکساس اسینشیئل نالج اینڈ اسکلز، کامن ویلتھ آف میساچیوسٹس اور مسی سپی ڈپارٹمنٹ آف ایجوکیشن؛\nآسٹریلیا کی کوینزلینڈ کیریکیولم اینڈ اسسمنٹ اتھارٹی؛ کیریکیولم ڈیویلپمنٹ کونسل ہانگ کانگ؛ اور پیرو ایلیمنٹری اسکول ڈسٹرکٹ سمیت، ابتدائی تعلیم کے درجنوں معیارات کا جائزہ لیا ہے اور انہی کی روشنی میں یہ کتاب ترتیب دی ہے۔\n\nآگے بڑھنے سے پہلے، بہتر ہے کہ اس منصوبے (ایک کتاب – مکمل نصاب) کا پس منظر واضح کردیا جائے کیونکہ بہت سے قارئین یہ سوچ رہے ہوں گے کہ سینکڑوں درسی کتب کی موجودگی میں ایک نئی کتاب کی ضرورت ہی کیا ہے۔\n\nواقعہ یہ ہے کہ تعلیمی نظام اور ان سے وابستہ نصابات موجود ہیں جن کے تحت کسی بچے کو کنڈرگارٹن سے بارہویں جماعت تک تعلیم دی جاتی ہے۔ یکساں تدریسی مقاصد ہونے کے باوجود، یہ تعلیمی نظام\/ نصابات ایک دوسرے سے بظاہر اتنے مختلف ہیں کہ ایک سسٹم سے پڑھنے والا بچہ، دوسرے سسٹم کیلئے ناقابلِ قبول بن جاتا ہے (یا پھر بنا دیا جاتا ہے)۔ درسی کتابوں کی غیر ضروری بھرمار اور وزنی بستہ، جو اِن تمام نظام ہائے تعلیم میں قدرِ مشترک کا درجہ رکھتے ہیں، ابتداء سے ہی ایک بچے کو تعلیم سے خوفزدہ کردیتے ہیں۔ ہر وہ چیز جو بہت آسانی اور سادگی سے پڑھائی جاسکتی ہے، اسے اتنا مشکل اور پیچیدہ بنا دیا گیا ہے کہ چھوٹی جماعتوں (گریڈز) کے طالب علموں کو بھی ٹیوشن کے سہارے کی ضرورت پڑتی ہے۔ نتیجتاً، تعلیم بہت مہنگی ہوگئی ہے۔ تاہم، مسائل حل کرنے کیلئے محض ان کا تذکرہ ہی کافی نہیں رہتا، بلکہ عملی میدان میں کام کرنے کی ضرورت بھی ہوتی ہے۔\n\nبہت سوچ بچار اور ہم خیال دوستوں سے مشورہ کرنے کے بعد، بالآخر یہ طے پایا کہ ایک ایسا اشاعتی منصوبہ شروع کیا جائے جس کے تحت ہر درجے (گریڈ) کا وہ تمام تدریسی مواد ایک کتاب میں یکجا کردیا جائے کہ جس کا جاننا اور سمجھنا، اُس گریڈ (مثلاً کے جی، پہلی، دوسری وغیرہ) میں پڑھنے والے طالب علموں کیلئے اہم ترین ہے۔ یعنی ہر گریڈ کیلئے صرف ایک کتاب ہو جس میں اس گریڈ کا سارا نصاب ہو۔ درسی کتب مرتب کرنے کا یہ انداز ’’مربوط نصاب‘‘ سے خاصا قریب ہے، تاہم اسے من و عن ’’مربوط نصاب‘‘ نہیں کہا جاسکتا۔\n\nیہی وجہ ہے کہ اس منصوبے کو ’’ایک کتاب – مکمل نصاب‘‘ کا جامع عنوان دیا گیا ہے جو اس کی نوعیت اور غرض و غایت کا ترجمان بھی ہے۔ منصوبے کا اجمالی خاکہ مرتب کرنے کے بعد ہم نے جائزہ لیا کہ وہ مہارتیں کون کونسی ہیں جن کا جاننا اور سیکھنا کسی بھی درجے\/ گریڈ کے طالب علم کیلئے ضروری ہے۔ کام کا آغاز کنڈر گارٹن (کے جی) سے کیا گیا، جس میں مواد جمع کرنے سے لے کر کتاب کی تکمیل تک، کئی مہینے لگ گئے۔ بہرکیف، ہماری مخلصانہ کوششوں کا پہلا ثمر آپ کے ہاتھوں میں ہے جس میں ’’پری کے جی\/ کے جی‘‘ کی مناسبت سے اُردو، انگریزی، حساب، سائنس، جغرافیہ، اسلامیات اور اخلاقیات کا تمام کلیدی نصابی مواد یکجا کردیا گیا ہے۔\nحکمتِ عملی کچھ یوں ہے کہ آسان چیزوں سے شروع کرکے بتدریج مشکل\/ پیچیدہ موضوعات کی طرف بڑھا جائے تاکہ بچوں اور اساتذہ، دونوں کو سہولت رہے۔ علاوہ ازیں، درسی مواد کو ہر ممکن حد تک سادہ رکھا جائے۔ یہی انداز آپ کو آئندہ کتابوں میں بھی نظر آئے گا۔ ہمارا مقصد یہ ہے کہ تعلیم و تدریس کا عمل حتی الامکان آسان رکھتے ہوئے، طالب علموں میں مطلوبہ قابلیت\/ اہلیت پیدا کی جائے۔ اساتذہ و ماہرینِ تعلیم سے خصوصی گزارش ہے کہ وہ اس کتاب کا مطالعہ کرنے اور تدریس میں مدد لینے کے بعد اپنی تنقیدی رائے سے ہمیں ضرور آگاہ کریں\"\n\n \u003c\/div\u003e","brand":"ilmStore","offers":[{"title":"Default Title","offer_id":46322570395815,"sku":"BU-716","price":1200.0,"currency_code":"INR","in_stock":true}],"thumbnail_url":"\/\/cdn.shopify.com\/s\/files\/1\/0670\/6852\/6759\/files\/kg-cover-1_1.webp?v=1732973830","url":"https:\/\/ktijarat.com\/products\/pre-kg-kg","provider":"kidsmessagestore","version":"1.0","type":"link"}